کھیل
13 مئی ، 2017

ڈومینیکا ٹیسٹ: ویسٹ انڈیز پہلی اننگ میں247رنز بنا کر آئوٹ

ڈومینیکا ٹیسٹ: ویسٹ انڈیز پہلی اننگ میں247رنز بنا کر آئوٹ

ڈومینیکا ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی پہلی اننگ میں247رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی ہے،پاکستان نے اپنی پہلی اننگ میں376رنز کا مجموعہ تر تیب دیا تھا،یوں مہما ن ٹیم پاکستان کو 129رنز کی برتری ملی ہے۔

سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں پاکستان کے محمد عباس نے5ویسٹ انڈین بیٹسمینوں کو ٹھکانے لگایا، محمد عباس نے ٹیسٹ میچ کی ایک اننگ میں پہلی مرتبہ 5وکٹیں حاصل کیں،یہ ان کے کیریئر کی بہترین بولنگ بھی ہے۔

ڈومینیکا ٹیسٹ کے چوتھے روز ویسٹ انڈیزنے 5وکٹ 218رنز پر کھیل کا آغاز کیالیکن اسی اسکور پرشین ڈورچ اپنے اور ویسٹ انڈیز کے مجموعے میں کوئی اضافہ کئے بغیر ہی آئوٹ ہو گئے،انہیں محمد عامر نے بولڈ کیا۔

اگلے آئوٹ ہونے والے بیٹسمین روسٹن چیز تھے ،گزشتہ روز وہ بیٹنگ کے دوران محمد عامرکی گیند ہاتھ پر لگنے سے زخمی ہو کر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے ،وہ صرف9رنز کا اضافہ کرنے کے بعد69رنزپر پویلین لوٹ گئے،اس وقت ویسٹ انڈیز کا مجموعہ239رنز تھا ۔انہیں محمد عباس نے بولڈ کیا،انہوں نے اپنی ٹیم کیلئے سب سے بڑی 69رنز کی انفرادی اننگ کھیلی۔

میزبان ٹیم کے آخری تین بیٹسمین بشو،جوزف اور گبرئیل کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے،محمد عباس نے آخری چاروں وکٹیں حاصل کیں اور اپنے کریئرکی بہترین بولنگ کی ان کے بولنگ اعداد وشمار کچھ یوں رہے، 25اوورز میں46رنز دیکر5وکٹیں حاصل کیں۔

ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم247رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی ، پاکستان نے پہلی اننگز میں 376رنز بنائے تھے،یوں پاکستان کوپہلی اننگ میں ویسٹ انڈیز 129رنز کی برتری حاصل ہو ئی ہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے5، یاسر شاہ نے3،محمدعامر اور اظہر علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچز کی سیریز ایک ایک میچ سے برابر ہے۔

مزید خبریں :