Geo News
Geo News

پاکستان
07 جولائی ، 2012

مون سون کی بارشوں کا سلسلہ مزید 2روز تک جاری رہنے کی توقع

مون سون کی بارشوں کا سلسلہ مزید 2روز تک جاری رہنے کی توقع

اسلام آباد … بالائی علاقوں میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے بعد کئی علاقے جل تھل ہوگئے ہیں جبکہ دیگر بالائی علاقوں پر کالے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ مزید 2روز تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت بالائی و وسطی پنجاب، خیبرپختونخوا گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ ژوب اور سبی ڈویژن کے علاوہ زیریں سندھ میں بھی چند ایک مقامات پر تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، مالاکنڈ، ہزارہ اور کوہاٹ ڈویژن کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش ہوئی۔ لاہور میں صبح سے ہی کالی گھٹائیں چھائی رہیں اور ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں، جس سے موسم خوشگوار اور کئی روز سے جاری شدید گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا۔ فیصل آباد میں بھی ہلکی آندھی کے بعد مون سون کی پہلی بارش ہوئی تو لوگ جھوم اٹھے۔ سرگودھا، میانوالی اور خوشاب میں تیز ہواوٴں کے ساتھ موسلا دھار بارش سے ہر سو جل تھل ہوگیا ہے جبکہ منڈی بہاوٴالدین اور ملک وال میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہے۔ کھاریاں میں مون سون کی پہلی بارش کے بعد برساتی نالے کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ مری میں دن بھر طوفانی بارش کے بعد موسم میں خنکی آگئی ہے، کالے بادل اب بھی چھائے ہوئے ہیں اور ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔ ناران اور کاغان سمیت مانسہرہ کے دیگر تفریحی مقامات پر تیز ہواوٴں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ شانگلہ میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ وادی سوات، ایبٹ آباد اور گلیات میں کالے بادل چھائے ہوئے ہیں، جیسے بارش آنے کو ہے۔ سیدو شریف میں سب سے زیادہ51 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جہلم میں 48، راولپنڈی میں 44، منگلا 43، راولہ کوٹ 35، اسلام آباد 29، مری 26، سیالکوٹ 24، گوجرانوالہ 16، مظفرآباد 13 اور ایبٹ آباد میں 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

مزید خبریں :