30 مئی ، 2017
کراچی میں دوسرے روزے کے دن بھی افطاری کے بعد کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی،اطلاعات کے مطابق کے الیکٹرک کا ایک اور بریک ڈاؤن ہوا ہے، جس کی وجہ سےشہریوں کو بدترین گرمی میں شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑرہا ہے۔
اس وقت بھی شہر کا30سے35فیصد حصہ تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے، معلوم ہوا ہے کہ ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائن میں ٹرپنگ کے باعث یہ صورتحال پیدا ہو ئی ہے۔گلشن اقبال کے مختلف بلاکس ،گلستان جوہر، جیل چورنگی، شریف آباد، عائشہ منزل اور بفر زون کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی ہے۔
مسلسل لوڈشیڈنگ کے خلاف ملیر آر سی ڈی گرائونڈ اور ناتھا خان گوٹھ میں پریشان حال شہری احتجاجاًگھروں سے باہر نکل آئے ۔جبکہ مشتعل افراد نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی ۔ادھر لیاری،دریاآباد،بہار کالونی،نوالین،سنگولین اوردیگر علاقوں میں بھی بجلی بندہے۔
جبکہ ڈیفنس فیز 8میں بھی دوپہر2بجےسےبجلی کی فراہمی معطل رہی۔جب کے الیکٹرک کے ذمہ داروں سے اس حوالے سے معلوم کیا گیا تو وہ تسلی بخش جواب دینے سے قاصر تھے۔