پاکستان
31 مئی ، 2017

بلاول بھٹو نے نوری آباد گیس پاور پلانٹ کا افتتاح کر دیا

بلاول بھٹو نے نوری آباد گیس پاور پلانٹ کا افتتاح کر دیا

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نوری آباد میں گیس سے چلنے والے 100میگا واٹ پاور پلانٹ کا افتتاح کردیا ہے، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کو اندھیروں میں دھکیلا ہے۔

بلاول بھٹو نے پاور پلانٹ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا ،نوری آباد منصوبے میں 50، 50 میگا واٹ کے 2 پاور پلانٹ لگائے گئے ہیں، جو سندھ حکومت نے نجی اشتراک سے لگایا ہے۔

نوری آباد میں تقریب سے خطاب میں پی پی چیئرمین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ اور ان کی ٹیم 100 میگا واٹ بجلی کے پلانٹ لگانے پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔

ان کا مزید کہناتھاکہ چار سال میں میاں صاحب نے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ پورا نہیں کیا،بجلی کی لوڈشیڈنگ کی یہی صورت حال رہی تو عوام سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نوازشریف نے ملکی معیشت کو سیاست کی نذر کردیا، پیپلز پارٹی ہی ملک کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلا سکتی ہے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ نوری آباد پاور پلانٹ آصف علی زرداری کے دور صدارت میں شروع کیا گیا، اُس وقت نیپرا نے کہا تھا ہمارے پاس بجلی ہے، مگر بجلی خریدنے والا کوئی نہیں، مگر اس وقت حال یہ ہے کہ آدھے کراچی سمیت سندھ کے 13 اضلاع تاریکی میں ڈوب جاتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ نے اپنا پہلا پاور پروجیکٹ ٹرانسمیشن لائن کے ساتھ شروع کیا ہے ، یہ سندھ کے عوام کی کامیابی ہے، نوری آباد پاور پلانٹ سے کراچی میں بجلی کا شارٹ فال کم ہوگا۔

مزید خبریں :