پاکستان
03 جون ، 2017

بلال رسول اور عامر عزیز پر حسین نواز کے اعتراضات قبل از وقت قرار

بلال رسول اور عامر عزیز پر حسین نواز کے اعتراضات قبل از وقت قرار

جے آئی ٹی کے 2 افسران پر حسین نواز کے اعتراضات سے متعلق سپریم کورٹ نے تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ۔

سپریم کورٹ نے پاناما جے آئی ٹی کے دو تفتیشی افسروں بلال رسول اور عامر عزیز پر حسین نواز کے اعتراضات کو قبل از وقت قرار دے دیا۔

عدالت نے تحریری فیصلے میں قرار دیا ہے کہ تعلق اور رشتے داریاں ہمارے معاشرے میں ہر جگہ ہیں، اسے بنیاد بنایا جائے تو دنیا میں کسی تفتیشی کو غیر جانبدار نہیں کہا جاسکے گا ۔

عدالت کے مطابق جے آئی ٹی کی جانب سے کسی قسم کی جانبداری یا تعصب محسوس ہوا تو مناسب حکم جاری کیا جائے گا ،جے آئی ٹی کے تفتیش کاروں پر اعتراضات قبل ازوقت ہیں،خصوصاً ایسے مرحلے پر کہ جب ابھی شہادتیں اکٹھی کی جا رہی ہیں اور کوئی نمایاں پیش رفت نہیں ہوئی۔

عدالت نے قرار دیا ہے کہ تفتیشی بلال رسول پر سابق گورنر سے رشتے داری اوران کی اہلیہ کے سیاسی تعلق پر اعتراض اٹھایا گیا،محض تعلق یا رشتے داری کو بنیاد بنایا جائے تو پھر دنیا میں کسی تفتیش کو غیر جانبدار نہیں کہا جاسکے گا ،ایسے تعلق اور رشتے داریاں ہمارے معاشرے میں ہر جگہ موجود ہیں۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ دوسرے تفتیشی عامر عزیز پر حسین نواز کے الزامات کے حوالے سے ٹھوس وجوہات شواہد موجود نہیں۔

فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ اگر تحقیقات میں جے آئی ٹی یا فریقین کی جانب سے عدالت کو کسی قسم کی جانبداری تعصب یا رغبت محسوس ہوئی تو مناسب حکم جاری کیا جائے گا۔

مزید خبریں :