08 جون ، 2017
شیخ رشید نے جس شخص کو آج دہشت گرد بنا کر پیش کرنے کی کوشش کی وہ گزشتہ کئی سال سےاُن سے اپنے پیسے واپس مانگ رہا ہے۔
اس گاڑی کے پیسے جو اُس نے شیخ رشید کو مبینہ طور پر جاپان میں خرید کر دی، 2سال پہلے اس شخص نےتھانہ سیکریٹریٹ میں شیخ رشید کے خلاف رپورٹ بھی درج کرائی تھی ۔
مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان 11 جون 2015ء کو ’جیو نیوز‘ کے دفتر آئے اور مؤقف اختیار کیا کہ سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے 1998ء میں جاپان کے دورے کے دوران کیمپنگ کار خریدی ،24 لاکھ روپے کی ادائیگی ان سے کرائی اور وعدہ کیا کہ پاکستان جا کر پیسے ادا کر دیں گے،لیکن اس کے بعد جب بھی ادھار واپس مانگا وہ ٹالتے رہے۔
ملک نور اعوان نے6 جون 2015ء کو شیخ رشید کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں رپورٹ بھی درج کرائی جس میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا تھا کہ پیسے واپس مانگنے پر شیخ رشید نے انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی ہیں۔
ملک نور اعوان نے دو سال قبل اسلام آباد ائر پورٹ پر بھی شیخ رشید سے رقم کامطالبہ کیا تھا تب بھی شیخ صاحب طیش میں آ گئے تھے۔
نور اعوان کی تھانے میں درخواست پر جب شیخ رشید سے ر ابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ نور اعوان مسلم لیگ ن کا ٹاؤٹ اور بلیک میلر ہے۔
جب پوچھا گیا کہ کیا آپ نے گاڑی لی تھی تو انہوں نے فون بند کر دیا۔
آج وہی ملک نور اعوان ادھار واپس مانگنے پارلیمنٹ پہنچا تو شیخ صاحب نے اسے دہشت گرد کے طور پر پیش کیا۔
ملک نور اعوان نے مسلم لیگ ن کی محبت میں شیخ رشید کو کیمپنگ کار خریدنے کے لیے جب مبینہ ادھار دیا تب وہ نواز دور حکومت میں وفاقی وزیر تھے لیکن سچ کہتے ہیں ادھار محبت کی قینچی ہے۔