09 جون ، 2017
شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں آج پاکستان اور بھارت کو تنظیم کی مستقل رکنیت دی جائے گی۔
آستانہ میں ہونے والے ایک کنسرٹ میں، نواز شریف اور نریندر مودی میں غیر رسی ملاقات ہوئی جس میں ان کی طبیعت اور خاندان کے بارے میں دریافت کیا۔
یہ کنسرٹ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے سربراہان مملک کے اعزاز میں منعقد کیا گیا تھا۔
وزیراعظم نواز شریف آج صبح سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ سے ملاقات کریں گے، جبکہ شام کو روس کے صدر ولادمیر پیوٹن سے اہم ملاقات بھی ہوگی۔
آستانہ میں پاکستانی اور بھارتی وزیر اعظم الگ الگ ہوٹلوں میں قیام پذیر ہیں اور ہوٹلز کے بیچ میں دس منٹ کا فاصلہ ہے۔
دوسری جانب آستانہ کے جس ہوٹل میں وزیراعظم نواز شریف ٹھہرے ہیں اسی میں افغان صدر اشرف غنی بھی موجود ہیں۔ دونوں کے درمیان فاصلہ چند کمروں کا ہے اور دونوں رہنمائوں کے مابین ملاقات ہونے کا بھی امکان ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف آستانہ میں اپنے اس دورے میں ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف اور قازقستان کے صدر نور سلطان نذر بایوف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں دونوں ممالک کے مابین تجارتی روابط کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔