11 جون ، 2017
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے پاناماکیس جے آئی ٹی کو نون لیگ کا الیکشن سیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے انتخابی منشور تیار کیا جارہا ہے۔
عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کی وطن واپسی پر لاہور ایئر پورٹ پر کارکنوں نے پرجوش انداز میں ان کا استقبال کیا ۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ حسین نواز کو کرسی پر بٹھا کر تصویر اس لیے بنائی گئی تاکہ ظلم کا تاثر دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ تخت لاہور کے خلاف سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر آنا ہوگاتاہم عمران خان سے متعلق سوال پر طاہر القادری نے جواب دینے سے گریز کیا ۔
طاہرالقادری کا کہناتھا کہ پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی سے خیر کی توقع نہیں، اس کے ذریعے ن لیگ کا آئندہ عام انتخابات کا نعرہ اور منشور تیار کیا جارہا ہے۔
عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ گونواز گو کا نعرہ ملکی سالمیت کی علامت ہے، قوم کو سنگل پوائنٹ ایجنڈے پر جمع کرنے کی ضرورت ہے ۔
طاہرالقادری نے ایک باہر پھر سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے ملزموں کو سزا دینے اور جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ بھی کیا۔
اس کے بعد عوامی تحریک کے سربراہ کو ایئرپورٹ سےجلوس کی شکل میں ماڈل ٹاؤن میں واقع ان کی رہائش گاہ تک لے جایا گیا۔