پاکستان
15 جون ، 2017

پاکستان کیلئے جان بھی حاضر ہے، نواز شریف

پاکستان کیلئے جان بھی حاضر ہے، نواز شریف

وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ انہوں نے ہر دور میں احتساب کا سامنا کیا، یہ تو جمہوری دور ہے اس میں بھی خود کو احتساب کے لیے پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے ان کی جان بھی حاضر ہے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے سے پہلے وزیر اعظم ہاؤس میں ایک غیر رسمی اجلاس میں شرکت کی اور اپنی قانونی ٹیم سے بھی تفصیلی مشاورت کی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ غیر رسمی مشاورتی اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وفاقی وزراء اسحاق ڈار، چوہدری نثار، خواجہ آصف، سینیٹر پرویز رشید، مشیر عرفان صدیقی، وزیر اعظم کے صاحبزادے حسین نواز، صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر بھی شریک ہوئے۔

اعلی سطح کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے سے پہلے ہونے والے اس اجلاس میں وزیر اعظم پرسکون اور مطمئن تھے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے ہر دور میں احتساب کا سامنا کیا ہے، آمروں نے بھی ان کے خاندان کا احتساب کیا، اب تو جمہوری دور ہے اس میں بھی وہ خود کواحتساب کے لیے پیش کرتے ہیں۔

وزیرا عظم کا کہنا تھا کہ یہ نادان جانتے نہیں کہ میرے لیے وزارت عظمیٰ نہیں بلکہ پاکستان اہمیت رکھتا ہے، پاکستان کے لیے میری جان بھی حاضر ہے، وزیرا عظم نے بعض رفقاء کی طرف سے پروٹوکول اور سیکورٹی کے بغیر پیش ہونے پہ تحفظات ظاہر کرنے پر کہا کہ ان کے لیے پروٹوکول اور سیکیورٹی کوئی معنی نہیں رکھتا۔

وزیرا عظم نے کہا کہ وہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی پر کوئی آنچ نہیں آنی چاہیے۔ وزیرا عظم نے عزم ظاہر کیا کہ وہ احتساب سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔

مزید خبریں :