کھیل
17 جون ، 2017

لائن آف کرکٹ پر ٹرافی کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع

لائن آف کرکٹ پر ٹرافی کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع

لائن آف کرکٹ پر ٹرافی کا کاونٹ ڈاؤن شروع ہوگیا، سرفراز کے شیر پلٹ کر وار کرنے کو تیار ہیں، کوہلی الیون کے پاس بیٹنگ کا ہتھیار ہے جبکہ شاہین بولنگ سے وارکریں گے ۔

چھکا اوول کے میدان میں لگے گا، شور پاکستان کی سڑکوں پر مچے گا، وکٹیں روایتی حریف کی گریں گی، بھنگڑے لندن کی سرزمین پر ڈلیں گے۔

وکٹ کے پیچھے سرفراز کا جادو چلے گا، تو پچ پر فخر کا بلا، ہلہ بولے گا، رومان کی سوئنگز ہوا کو چیرتی بیلز اڑائیں گی، عماد کی گھومتی گیندیں آنکھوں کو چکرائیں گی۔

حسن علی کے روپ میں جوش مارتا خون ہے،عامر کے پاس مخالف کو نو دو گیارہ کرنے کا جنون ہے، یہ وہ گیارہ ہیں جو ناقابل یقین سے ناقابل شکست میں بدل گئے، پبلک بھی کہتی ہے کہ بس ایک جیت اور سارے حساب بے باق۔

ہزاروں دیوانے اسٹیڈیم میں پلکیں جھپکانا بھولے ہوں گے،تو کروڑوں ٹی وی اسکرین کے سامنے کہیں گے کہ ان سے نہ ہارنا۔

دونوں کپتانوں کی ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن بھی ہوگیا، سرفراز اپنی کارکردگی سے مخالف کو حیران کرنے کو تیار ہیں،تو ورات کوہلی بھی، جس نے اعصاب قابو میں رکھے وہی سامنے والے کو قابو کرجائے گا اور نیا چیمپئن بن جائے گا۔

لاکھوں کے ٹکٹس ہاتھوں ہاتھ بک چکے، کروڑوں کے اشتہار بک ہو چکے، اب انتظار ہے، لائٹ، کیمرہ ایکشن کا، تو گھڑی کی ٹک ٹک کے ساتھ دھڑکنوں کی دھک دھک چلے گی۔

سیٹ بیلٹس باندھ کر رکھنا، فائنل کی رولر کوسٹر، جیت کی امید ساتھ لے کر بھاگے گی، سب کچھ اڑا لے جائے گی۔

مزید خبریں :