10 جولائی ، 2012
لاہور… بجلی کا شارٹ فال کم ہو کر 3ہزار 458میگا واٹ رہ گیا ،دوسری طرف لاہورسمیت پنجاب کے دیگر شہروں اور قصبات میں لوڈشیڈنگ میں کوئی واضح کمی دیکھنے میں نہیں آئی، شہری دن کے علاوہ راتوں کو بھی لوڈشیڈنگ کے ہاتھوں شدید پریشان ہیں ۔ انرجی مینجمنٹ سیل کے ترجمان کے مطابق بجلی کی طلب16ہزار 740میگاواٹ اورپیداوار13ہزار 282 میگاواٹ رہی،اس طرح شارٹ فال کم ہو کر 3ہزار 458میگا واٹ ہوگیا،دوسری طرف شارٹ فال میں کمی کے دعووٴں کے باوجودلاہورسمیت پنجاب بھرمیں لوڈشیڈنگ پہلے کی طرح جاری ہے،لاہورمیں10گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے ۔ چھوٹے شہروں اور دیہات میں صورتحال اس سے بھی ابترہے،شدید گرمی اورحبس میں لوگ پریشان ہیں، ان کا کہناہے کہ طویل لوڈشیڈنگ نے ان کے کاروبار توبرباد کئے ہی تھے،وہ راتوں کو آرام سے بھی محروم ہو کر رہ گئے ہیں۔