28 جون ، 2017
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دشمن دہشت گردی کے ذریعے ہمیں تقسیم کرنے میں ناکام ہوں گے، فاٹا اور ملک بھر کی سیکیورٹی صورتحال کو کنٹرول کیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف نے مختلف مکاتب فکر کے علماء سے ملاقات کی، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سانحہ پارا چنارکے متاثرین کی بلاتفریق مدد کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارا چنار واقعے میں ملوث کرداروں کے خلاف کارروائی ہوگی، اس سانحے کے ذمےداروں کو کٹہرے میں لایا جائے گا،ہم سب پاکستانی اور مسلمان ہیں، یہ ایک عظیم نقصان ہے ۔
آرمی چیف کا یہ بھی کہنا ہے کہ موجودہ حادثات کو دانستہ فرقہ واریت کا رنگ دیا جا رہا ہے، پاکستان کے دشمنوں نے گمراہ کن مہم شروع کر رکھی ہے، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل رہی ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم سب کو اس گمراہ کن مہم سے آگاہ رہنا چاہیے،پاک فوج کے لیے ہر شہید اور زخمی کی جان بلا تفریق برابر اور قیمتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر فرقہ واریت پھیلا رہے ہیں، حالیہ واقعات کو دہشت گردی اور نسلی منافرت کا رنگ دینے کا جائزہ لے رہے ہیں۔
آرمی چیف نے یہ بھی کہا کہ ہم سب ایک دوسرےکی مذہبی اقداراوراقلیتوں کامکمل احترام کرتے ہیں،کسی کو بھی فاٹا کا امن تباہ نہیں کرنے دیں گے۔