صحت و سائنس
29 جون ، 2017

بیٹری کے بغیر چلنے والا موبائل فون ایجاد

بیٹری کے بغیر چلنے والا موبائل فون ایجاد

دنیا بھر میں تیزی سے اسمارٹ فون کے استعمال کا رجحان بڑھتا جارہا ہے لیکن موبائل فون کی بیٹری جلد ختم ہونا ایک تکلیف دہ مسئلہ ہے تاہم ماہرین نے اس کا حل بھی ڈھونڈ نکالا ہے۔

یونیورسٹی آف واشنگٹن کی تحقیقاتی ٹیم نے ایسا موبائل فون ایجاد کیا ہے جو بغیر بیٹری کے چلتا ہے جب کہ یہ موبائل فون ہوا اور ریڈیو کی لہروں سے توانائی حاصل کرتا ہے۔

ماہرین کے مطابق بغیر بیٹری کے چلنے والے موبائل فون کے لئے "بیکس کیٹرنگ ٹیکنالوجی" کا استعمال کیا گیا ہے اور اس کے ذریعے فضا میں پہلے سے موجود ریڈیو کے سگنلز کو استعمال کرتے ہوئے معلومات کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔ 

اس سے قبل یونیورسٹی آف واشنگٹن کی اسی ٹیم نے ہوا سے توانائی حاصل کر کے گانے گانے والا پوسٹر ایجاد کیا تھا جو مختلف مقامات پر آویزاں ہیں جس کی مدد سے 12 میٹر دوری سے پوسٹر پر موجود گلوکار کا گانا اپنے موبائل فون میں سنا جاسکتا ہے جب کہ اسی ٹیم نے بیکس کیٹر ٹیکنالوجی کے ذریعے پیسو وائی فائی سسٹم بھی ایجاد کیا تھا۔  

تحقیق کاروں نے بغیر بیٹری کے چلنے والے موبائل فون کا تصور سرد جنگ کے دوران سویت یونین کے جاسوسوں کے استعمال کردہ خفیہ آڈیو بگ سے لیا ہے اور ان کا ایجاد کردہ موبائل فون صرف ریڈیو کے سگنلز کی مدد سے ہی ایک محدود فریکوئنسی پر ہی چلتا ہے۔

 تحقیقاتی ٹیم میں شامل وکرم لیئر کے مطابق وائی فائی، بلوٹوتھ اور ریڈیو کی لہروں کو منتقل کرنے کے لئے سیل کی ضرورت ہوتی ہے تاہم بیٹری کے بغیر چلنے والا موبائل فون ریڈیو کے سگنلز کو ہی توانائی میں تبدیل کر کے کمیونیکیشن کا کام کرے گا۔

وکرم کے مطابق بیکس کیٹرنگ نظام ریڈیو کے سگنلز کی مدد سے آڈیو پیغامات کو دوسری ڈیوائس تک منتقل کرتا ہے اور اس عمل کے دوران ریڈیو ٹرانسمیشن بالکل بھی متاثر نہیں ہوتی۔

ریسرچر نے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بیکس کیٹرنگ ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر اس پر کام ہوگا اور یہ ٹیکنالوجی اسمارٹ فون کی دنیا میں انقلاب برپا کرے گی۔

مزید خبریں :