08 جولائی ، 2017
وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بھارت وحشیانہ طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی آواز کو نہیں دبا سکتا اور برہان وانی کی شہادت نے جدوجہد آزادی میں نئی روح پھونک دی ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف نے کشمیری حریت کمانڈر مظفر وانی کی پہلی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ برہان وانی نے اپنی جان کی قربانی دے کر جدوجہد آزاد ی میں ایک نئی روح پھونک دی ہے اور کشمیری عوام اپنی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے ثابت قدم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: برہان وانی و دیگر کی قربانیاں کشمیریوں کے عزم کا مظہر: آرمی چیف
ان کا کہنا تھا کہ برہان وانی کی شہادت اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ کشمیریوں نے مکمل طور پر بھارتی قبضے کو مسترد کردیا ہے اور بھارت وحشیانہ طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی آواز کو نہیں دبا سکتا۔
وزیر اعظم نے کہا پاکستان اور کشمیریوں کا دل ایک ساتھ دھڑکتا ہے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کا پاکستانی ٹیم کی فتح پرجشن ریفرنڈم کادرجہ رکھتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کےساتھ امتیازی سلوک کا سلسلہ بند کیا جائے اور اگر امتیازی سلوک بندنہ کیا گیا تواقوام متحدہ کی ساکھ پرمنفی اثرپڑےگا۔