دنیا
11 جولائی ، 2012

افغانستان سے انخلاء پر اربوں ڈالر لاگت آئے گی،امریکی عہدیدار

واشنگٹن …امریکہ کے ایک اعلیٰ دفاعی عہدیدار نے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی افواج اور فوجی سازوسامان کے انخلاء پر اربوں ڈالر کی لاگت آئے گی۔ امریکی میڈیا کے مطابق افغانستان سے انخلاء کی نگرانی کیلئے نامزد کردہ عہدیدار نائب سیکرٹری دفاع ایشٹن کارٹر نے یو ایس اے ٹو ڈے کو بتایا کہ افغانستان سے افواج اور فوجی سازوسامان کا انخلاء ایک مشکل مرحلہ ہے اور اس پر اربوں ڈالر کی لاگت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ عراق کے برعکس افغانستان افواج اور فوجی سازوسامان کے انخلاء کا مرحلہ زیادہ مشکل ہوگا۔ اسی اخبار میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کے عمل میں بتدریج تیزی آرہی ہے۔ اکتوبر تک افغانستان سے تقریباً 20 ہزار امریکی فوجی اور ان کا سازوسامان وطن واپس پہنچ جائے گا۔ افغانستان میں اس وقت 88 ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 2014ء تک افغانستان سے امریکی لڑاکا فوجیوں کے انخلاء کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔

مزید خبریں :