07 اگست ، 2017
کراچی کے علاقے مچھرکالونی میں سی ٹی ڈی اہلکاروں سے مقابلے میں ہلاک ہونے والے تین دہشت گردوں کی تفیصلات سامنے آگئیں۔
ایس ایس پی سی ٹی ڈی عمر شاہد کے مطابق مچھر کالونی کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی تو علاقے میں موجود ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی جس کے بعد پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 3 دہشت مارے گئے جب کہ 4 کو گرفتار کرلیا گیا۔
عمر شاہد کا کہنا ہےکہ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔
دوسری جانب سی ٹی ڈی نے مارے گئے دہشت گردوں کی تفصیلات بھی جاری کردی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ مقابلے میں ہلاک ہونے والے تینوں دہشت گرد خودکش بمبار تھے جو گارڈن میں واقع کمیونٹی سینٹر پر حملہ کرنا چاہتے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ مقابلے کے دوران پکڑے گئے دہشت گردوں سے اہم معلومات بھی ملی ہیں۔