26 اگست ، 2017
اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے مردم شماری کے عبوری نتائج کی رپورٹ پر اعتراض اٹھا دیا۔
جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ 2014 میں جو ہوا وہ دوبارہ ہوسکتا ہے، ہم میں اتنی برداشت نہیں، لمبے عرصے حکومت برداشت نہیں کرسکتے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہناتھا کہ آئینی اصلاحات کے ذریعے مدت کو 4 سال کیا جائے، یہی مطالبہ 2014 میں بھی کیا تھا تو اس وقت اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ نوازشریف راضی ہیں لیکن یہ کام آئندہ مدت میں کیا جائے۔
خورشید شاہ نے مزید کہا کہ اس وقت موقع ہے اس لیے ابھی مدت چار سال کے لیے کارروائی مکمل کرلی جائے۔
اپوزیشن لیڈر نے مردم شماری نتائج کی رپورٹ پر بھی اعتراض اٹھادیا۔
انہوں نے کہا کہ مردم شماری درست طریقے سے نہیں ہوئی اس میں صرف جان چھڑائی گئی ہے، ابھی فوج کے پاس بھی ریکارڈ ہوگا، شماریات ڈویژن اور فوج کے ریکارڈ کا موازنہ کیا جائے جس سے اصل حقائق سامنے آئیں گے۔