پاکستان
Time 11 ستمبر ، 2017

پارٹی فنڈنگ کیس؛ تحریک انصاف کو 18 ستمبر تک تفصیلات جمع کرانے کا حکم

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف سے پارٹی فنڈنگ کی تمام تفصیلات 18 ستمبر تک طلب کرلیں۔

تحریک انصاف کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر کی 2 درخواستوں پر چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا نے سماعت کی۔

پی ٹی آئی کے وکیل کو آج پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات جمع کرانی تھی تاہم تفصیلات جمع نہ کرانے پر چیف الیکشن کمشنر نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ 

سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سماعت پر آپ نے آج تفصیلات جمع کرانے کی یقین دہانی کرائی تھی اور ہم نے پارٹی فنڈنگ سے متعلق تفصیلات جمع کرانے کی آخری مہلت دی تھی، اتنی تاخیر کرنے پر اس سے کیا تاثر لینا چاہیے۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ 2 ہفتے میں تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرادی جائیں گی جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ نے الیکشن کمیشن کو ریسلنگ کا رنگ بنا رکھا ہے اور چار سال سے ہمارا وقت ضائع ہو رہا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہائیکورٹ میں کہتے ہیں کہ ہم کیس کی سماعت کرنے کے مجاز نہیں، تین سال سے آپ کا مؤقف کیا ہے واضح نہیں ہوسکا، پی ٹی آئی کی جانب سے ایک دن ایک وکیل آتا ہے اور دوسرے روز دوسرا۔

درخواست گزار اکبر ایس بابر نے سماعت کے دوران کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے ہنڈی کے ذریعے منتقل کی گئی رقم کی کوئی تفصیل نہیں دی اور انہوں نے جو دستاویزات جمع کرائی وہ جھوٹ پر مبنی ہیں۔

اکبر ایس بابر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بوگس دستاویزات جمع کرا کر عدالت کو گمراہ کیا تاہم تمام حقائق سپریم کورٹ کے سامنے رکھنے کو تیار ہوں۔

درخواست گزار اکبر ایس بابر کی جانب سے الیکشن کمیشن میں دو درخواستیں دائر کی گئی ہیں، ایک درخواست پی ٹی آئی پارٹی اکاؤنٹس میں بے ضابطگیوں اور دوسری غیرملکی فنڈنگ سے متعلق ہے۔

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف سے 18 ستمبر تک اکاؤنٹس کی تمام تفصیلات طلب کرتے ہوئے حکم نامے میں کہا ہے کہ تفصیلات جمع نہ کرانے پر پی ٹی آئی کے خلاف درخواست گزار کی دونوں درخواستیں درست تسلیم کی جائیں گی۔

مزید خبریں :