Time 07 ستمبر ، 2017
پاکستان

تحریک انصاف کو فارن فنڈنگ کے ذرائع الیکشن کمیشن کو فراہم کرنے کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کو غیر ملکی فنڈنگ کے ذرائع الیکشن کمیشن کو فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی نے الیکشن کمیشن کو غیر ملکی فنڈنگ کیس کی کارروائی سے روکنے کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد حکم دیا کہ تحریک انصاف الیکشن کمیشن کو 2 ہفتوں میں فارن فنڈنگ سے متعلق تفصیلات فراہم کرے۔

سماعت کے دوران تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر انور منصور نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کر رہا ہے جب کہ الیکشن کمیشن نہ عدالت ہے اور نہ ہی ٹریبونل۔

دلائل کے دوران تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے یکم اپریل کے حکم پر فارن فنڈنگ کی تفصیلات دینے کو تیار ہیں تاہم فنڈز کی دستاویزات کسی دوسری پارٹی کو دینے کا حکم نہیں دیا جاسکتا۔

بیرسٹر انور منصور نے عدالت سے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کو پابند بنایا جائے کہ فارن فنڈنگ کی دستاویزات اکبر ایس بابر یا کسی اور کو فراہم نہ کی جائیں۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے تحت ہر سیاسی جماعت اپنے فنڈز کے ذرائع بتانے کی پابند ہے اور کوئی بھی شہری الیکشن کمیشن سے کسی بھی جماعت کے فنڈز ذرائع پوچھ سکتا ہے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد تحریک انصاف کو غیر ملکی فنڈنگ کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو فراہم کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کو بھی ہدایت کی کہ فارن فنڈنگ کی دستاویزات درخواست گزار اکبر ایس بابر یا کسی اور کو نہ دی جائیں۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ یہ جو تحریک انصاف آج نظرآتی ہے یہ اجرتی سیاست دانوں کی جماعت ہے جب کہ ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ تحریک انصاف ورکروں کی جماعت ہے۔

اکبر ایس بابر نے کہا کہ ہمارا مقصد عمران خان کو نیچا دکھانا نہیں تھا، نا کوئی ذاتی چپقلش ہے، جواربوں روپے کے گھپلے ہوئے ہیں اب آپ کو وہ منظرعام پرلانا ہوں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ عمران خان تقریباً 3 سال سے حکم امتناعی لینا چاہتے تھے اور الیکشن کمیشن میں فنڈز کی تفصیلات جمع نہیں کروانا چاہتے تھے۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کی غیرملکی فنڈنگ سے متعلق الیکشن کمیشن میں منحرف رہنما اکبر ایس بابر کی درخواست زیر سماعت ہے۔

جب کہ الیکشن کمیشن کو درخواست پر سماعت سے روکنے کے لئے تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

مزید خبریں :