02 فروری ، 2012
اسلام آباد … قائد حزب اختلاف چوہدری نثار نے کہا ہے کہ لاپتہ افراد کے کیس میں 4 نوجوانوں کے قتل میں جو ایجنسی ملوث ہے، اس کے سربراہ کو ایوان میں بلایا جائے، آرمی چیف فوج کی عزت کا تحفظ کریں ۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف فوج کی عزت کا تحفظ کریں ، یہ پاکستان کی فوج ہے مافیا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر چار نوجوانوں کے قتل کے معاملے کو نظر انداز کیا گیا تو وہ لاپتہ افراد کے کیس کی سماعت کے موقع پر خود چل کر سپریم کورٹ جائیں گے۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے چوہدری نثار کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ لاپتا افراد اور 4 نوجوانوں کے قتل کا معاملہ عدالت میں ہے، عدالت کے فیصلے کا انتظار کیا جانا چاہئے۔ چوہدری نثار نے مطالبہ کیا ہے کہ عام انتخابات کیلئے غیرجانبدارسیٹ اپ، آزادالیکشن کمشنر کی تعیناتی اور شفاف انتخابات کے نکات 20 ویں آئینی ترمیم میں شامل کئے جائیں۔ وزیر خزانہ حفیظ شیخ نے ایوان کو بتایاکہ ٹیکس پالیسی تبدیل کی جارہی ہے۔ آئندہ مالی سال میں این ٹی این نمبر رکھنے والوں کیلئے ٹیکس گوشوارے جمع کرانا لازمی ہو گا۔ اس سال 7 لاکھ ایسے افراد کا پتہ چلایا ہے جو ٹیکس دے سکتے ہیں ان میں سے 3 لاکھ کو نوٹس دیدیئے ہیں جبکہ 35 ہزار سے وصولی کرلی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ایم کیوایم کے ارکان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور وزیر پیٹرولیم کہتے ہیں کہ اوگرا ان کے کنٹرول میں نہیں ، کیا اوگرا انڈیا کی ایجنسی ہے۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ اوگرا کو کنٹرول کرنے کیلئے پارلیمنٹ کوئی کمیٹی بنائے توانہیں کوئی اعتراض نہیں۔ چوہدری نثار نے کہا کہ حکومت بتائے کہ کیا پیٹرولیم لیوی جگا ٹیکس نہیں، حکومت عوام سے بھتہ خوری کر رہی ہے۔ گزشتہ 10 سالوں میں 200 مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائی گئیں۔