02 اکتوبر ، 2017
اسلام آباد: احتساب عدالت نے نوازشریف کے دونوں صاحبزادوں اور داماد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے جب کہ مریم نواز کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔
احتساب عدالت نے نواز شریف کی گزشتہ پیشی پر ان کے بچوں اور داماد کو بھی طلب کر رکھا تھا لیکن ان کی عدم پیشی پر عدالت کی جانب سے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے تھے اور تمام افراد کو آج 2 اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا۔
احتساب عدالت میں نیب کی جانب سے تمام افراد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی گئی تاہم عدالت نے نیب کی مریم نواز کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے نوازشریف کے صاحبزادوں اور داماد کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے ان کے وارنٹ جاری کردیئے جب کہ مریم نواز کے قابل ضمانت وارنٹ کو برقرار رکھا گیا۔
احتساب عدالت کے روبرو نوازشریف کےبچوں اور داماد کی عدم پیشی پر ان کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کلثوم نواز کی بیماری کی وجہ سے ان کے بچے عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور آئندہ تاریخ پر ضرور پیش ہوں گے۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ جن ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے ہیں انہیں آئندہ سماعت پر گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔
شریف خاندان کے وکلا نے آئندہ سماعت پر تینوں بچوں اور داماد کے پیش ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز دائر کیے ہیں، اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں ان پر فرد جرم عائد کی جاچکی ہے۔