14 جولائی ، 2012
لاہور … امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے ملک میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گردی کی آگ چاروں صوبوں میں پھیل گئی، ملک جل رہاہے اور حکمران سپریم کورٹ کے پر کاٹنے اور دوہری شہریت کا قانون پاس کرنے جیسے کاموں میں مصروف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی روانگی سے قبل منصورہ سے جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں کیا۔ ان کاکہناتھا کہ دہشتگردی کی آگ چاروں صوبوں میں پھیل گئی ہے جس کی وجہ سے معیشت تباہ ہور ہی ہے، سرمایہ بیرون ملک منتقل ہورہاہے اور ملک میں سرمایہ کاری ختم ہو کر رہ گئی ہے، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کو بے حال کر رکھاہے۔ انہوں نے کہا کہ قتل ، اغوا برائے تاوان اور بوری بند لاشیں ملنے کے واقعات روز کا معمول بن چکے ہیں، سیکیورٹی فورسز پر آئے روز حملے ہو رہے ہیں، حکومت امن وامان قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہے، ہماری خفیہ ایجنسیاں تخریب کاروں اور دہشتگردوں کے ٹھکانوں کا سراغ لگانے کے بجائے حکمرانوں کی سیکیورٹی اور اپنے ہی ہم وطنوں کو اغوا کر کے انہیں غائب کرنے میں مصروف ہیں۔سید منور حسن نے کہاکہ بلوچستان اور کراچی کے بعد اب پنجاب میں بھی امن و امان کی صورتحال بدترین شکل اختیار کر گئی ہے۔