Time 18 اکتوبر ، 2017
انٹرٹینمنٹ

کنگنا کو ہریتھک سے محاذ آرائی مہنگی پڑنے لگی

— فوٹو:فائل

بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو ہریتھک روشن سے محاذ آرائی  فلمی کیرئیر اور ذاتی زندگی میں مہنگی پڑنے لگی۔

کنگنا رناوت نے ہریتھک روشن کو اپنا سابقہ عاشق قرار دیتےہوئے ان پر فحش تصاویریں اور ای میلز کرنے کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد سے ہی لفظوں کی جنگ چھڑگئی تھی۔

اداکارہ نے عدالت سے رجوع بھی کیا تھا اور انہوں نے کئی بار ہریتھک کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا لیکن ہریتھک روشن نے ٹوئٹر پر کھلا خط لکھ کر ان کے الزامات کی تردید کردی تھی تاہم اب یہی تردید کنگنا کو بھاری پڑنا شروع ہوگئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا رناوت کو ہریتھک روشن سے محاذ آرائی نے فلم نگری میں اکیلا کردیا ہے اور فلمی تقریبات میں ان کا بائیکاٹ بھی شروع ہوگیا ہے۔

اداکارہ کے قریبی دوست ڈینو موریا نے گھر میں ایک تقریب کا اہتمام کیا تھا جس میں فلمی شخصیات کو شرکت کی دعوت دی گئی لیکن اس تقریب میں ہریتھک روشن سے محاذ آرائی کے باعث کنگنا کو بلایا ہی نہیں گیا۔کنگنا گزشتہ سال ہونے والی اسی تقریب میں شریک تھیں۔

دوسری جانب کنگنا کو مختلف برانڈز بھی ایمبسڈر بنانے سے کترانے لگے ہیں اور اب ان کے پاس کسی بھی برانڈ کا معاہدہ موجود نہیں ہے۔

مزید خبریں :