Time 21 اکتوبر ، 2017
پاکستان

ایم کیو ایم پاکستان میں دھڑے بندی کسی کی خواہش ہو سکتی ہے حقیقت نہیں: فاروق ستار


کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے حال ہی میں پارٹی سے نکالے جانے والے رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ کی جانب سے دھڑے بندی کے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان نے گزشتہ روز پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ کی پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم کر دی تھی۔

پارٹی سے برخاست کیے جانے کے بعد سلمان مجاہد بلوچ نے ایم کیو ایم پاکستان میں دھڑے بندیوں کا الزام عائد کیا اور الزام عائد کیا کہ کنور نوید جمیل اور کشور زہرا براہ راست جب کہ فاروق ستار بالواسطہ الطاف حسین سے رابطے میں ہیں۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پارٹی میں ڈھڑے بندیاں کسی کی خواہش تو ہو سکتی ہے لیکن اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس قسم کی حسرت لیے بیٹھے ہیں ان کی ’بیل کبھی مُنڈی نہیں چڑھے گی‘۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے مزید کہا کہ پارٹی کے اندر بھی سلمان بلوچ جیسی بے چین روحیں ہو سکتی ہیں، کہ جب انہیں پارٹی سے نکالا گیا تو انہوں نے پوری پارٹی پر ہی الزامات لگانے شروع کر دیئے۔

فاروق ستار نے کہا کہ سلمان مجاہد کے الزامات کی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ ان کو پارٹی سے نکالے جانے کی وجوہات عوام کے سامنے نہ آ سکیں۔

لندن سے رابطے کے حوالے سے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ الطاف حسین سے کوئی رابطہ نہیں ہے اور لندن سے جس قسم کے بیانات اور زبان ہمارے اور ہماری ماؤں بیٹیوں کے لئے استعمال کی جا رہی ہے وہ بھی سب کے سامنے ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اگر سلمان مجاہد کے علم میں یہ بات تھی تو انہوں نے پہلے اس کا اظہار کیوں نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس قسم کی باتیں پوری قوم کا وقت ضائع کرنے کے لئے کی جا رہی ہیں لیکن کچھ روز بعد یہ موضوع اپنی موت آپ مر جائے گا۔

سلمان مجاہد بلوچ نے یہ الزام بھی عائد کیا تھا کہ فاروق ستار نے کراچی کے علاقے ڈیفنس سحر کمرشل میں مصطفیٰ کمال سے علیحدگی میں ملاقات کی اور انہیں کہا کہ مجھے عامر خان، خواجہ اظہار اور فیصل سبزواری سے خطرہ ہے اس لئے میں پارٹی چھوڑ کر امریکا چلا جاؤں گا۔

سلمان مجاہد بلوچ کی جانب سے مصطفیٰ کمال سے ملاقات کے حوالے سے فاروق ستار نے کہا کہ ان کی مصطفیٰ کمال سے کوئی ملاقات ہی نہیں ہوئی۔

فاروق ستار نے ارم عظیم فاروقی کی وجہ سے سلمان مجاہد کو پارٹی سے نکالے جانے کے الزام کی بھی سختی سے تردید کی اور کہا کہ ان کے اس الزام میں بھی کسی قسم کی صداقت نہیں ہے۔

مزید خبریں :