15 جولائی ، 2012
کراچی…امیرجماعت اسلامی سید منورحسن کاکہنا ہے کہ امریکا کی خواہش پر پاکستان کو اندرونی اور بیرونی قوتیں کمزور کر رہی ہیں، اس کیلئے نیٹو سپلائی کو روکنا ضروری ہے۔ وہ کراچی میں جماعت اسلامی کے تحت میمن مسجد سے کیماڑی تک نیٹو سپلائی کے خلاف نکالی گئی احتجاجی ریلی سے خطاب کررہے تھے۔سید منورحسن نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ اصل میں امریکاکی اس خطے پرقبضے کی لڑائی ہے جس سے پاکستان کو باہر نکلناہوگا۔منور حسن کا کہنا تھا کہ واشنگٹن میں مذاکرات جاری ہیں، مفاہمت کی یادداشت پراس وقت تک دستخط نہیں ہونا چاہئیں جب تک امریکا ڈرون حملے روکنے کا اعلان نہ کرے۔ منور حسن نے بتایا کہ اسلامی نظام ،خود مختاری،اور آزادی کے لئے عوام متحد ہے ، کارکنوں سے اپیل کی کے نیٹو سپلائی کے رستے میں لیٹ جائیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم صرف اللہ کے غلام ہیں کسی اور کی غلامی قبول نہیں ہے۔ ریلی میں امیر جماعت اسلامی منور حسن کے ساتھ امیر جماعت اسلامی سندھ اسد اللہ بھٹو او رامیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی بھی موجود تھے۔