02 نومبر ، 2017
کراچی: سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم حماد صدیقی کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور پاکستانی حکام نے ملزم کی حوالگی کےلیے دبئی پولیس کو خط لکھ دیا۔
حماد صدیقی کو گزشتہ دنوں دبئی میں گرفتار کیا گیا تھا جہاں وہ پولیس ہیڈ کوارٹر میں زیر حراست ہے۔
پاکستانی حکام نے دبئی میں پاکستانی مشن کے ذریعے حماد صدیقی کی باضابطہ حوالگی کے لیے خط لکھا ہے جس میں ملزم کی حوالگی کی درخواست کی گئی ہے جب کہ دبئی پولیس نے بھی خط موصول ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ دبئی میں پاکستانی مشن نے حماد صدیقی کی حوالگی کے لیے خط کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔
ذرائع کے مطابق دبئی میں پاکستانی حکام حماد صدیقی کو پاکستان لانے کے لیے ضروری کارروائی مکمل کررہے ہیں اور مقامی قانون کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ملزم کو کراچی لایا جائے گا۔
واضح رہے کہ بلدیہ کی ٹیکسٹائل فیکڑی میں ستمبر 2012 آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 250 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
کیس کے ایک اور ملزم رحمان بھولا نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ اس نے بھتہ نہ دینے پر حماد صدیقی کے حکم پر فیکٹری میں آگ لگائی تھی۔
حماد صدیقی ایم کیوایم کی کراچی تنظیمی کمیٹی کا انچارج بھی رہ چکا ہے۔