08 نومبر ، 2017
کراچی: شہرِقائد کے علاقے شادمان میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔
شادمان کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) مشتاق تنولی کے مطابق پولیس اہلکار نوید، شادمان کے علاقے میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہوا، اسے ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا، تاہم وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
ڈی ایس پی کے مطابق نوید گڈاپ ٹاﺅن میں پولیس کے اسپیشل ڈپارٹمنٹ میں تعینات تھا۔
رواں برس کراچی میں متعدد پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کرکے قتل کیا جاچکا ہے۔
12 اگست کو عزیز آباد کے علاقے میں ڈیوٹی پر مامور ٹریفک پولیس کے دو اہلکاروں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے عزیز آباد کے علاقے میں لیاقت آباد کے ڈپٹی سپرنڈنٹ آف پولیس پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی ٹریفک ، اپنے ڈرائیور سمیت جاں بحق ہوگئے تھے۔
اس سے قبل 21 مئی کو دھورا جی کے علاقے میں فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا تھا۔