09 نومبر ، 2017
بالی وڈ فلم 'پدماوتی' کو ریلیز سے قبل ہی کافی تنازعات کا سامنا کرنا پڑا، کبھی انتہا پسند ہندو جماعتوں نے فلم کے سیٹس پر دھاوا بولا تو کبھی کچھ اور الزامات عائد کیے گئے، تاہم اب فلم ساز و ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی نے خاموشی توڑتے ہوئے فلم سے متعلق تمام سوالات و خدشات کا جواب دے دیا ہے۔
گزشتہ روز سنجے لیلا نے 'پدماوتی' کے آفیشل فیس بک پیج پر اپنا ویڈیو پیغام تمام مداحوں سے شیئر کیا اور فلم کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا، 'میں ہمیشہ سے ہی رانی پدماوتی کی کہانی سے کافی متاثر ہوں اور یہ فلم رانی پدماوتی کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔میں نے یہ فلم انتہائی ذمہ داری اور ایمانداری سے بنائی ہے, اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے اور نہ ہی اس میں رانی پدماوتی (دپیکا پڈوکون) اور علاﺅالدین خلجی (رنویر سنگھ) کا ایک دوسرے کے ساتھ کوئی ایک بھی ایسا منظر ہے جو لوگوں کے جذبات مجروح کرے'۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے پہلے بھی تمام افواہوں کو مسترد کیا تھا اور اب بھی کر رہا ہوں، میں نے اس فلم میں راجپوتوں کے تمام قواعد و ضوابط اور ان کے خاص طور طریقوں کا خیال رکھا ہے جس کی میں تحریری ضمانت بھی دے چکا ہوں۔
سنجے لیلا بھنسالی کے اس پیغام پر بالی وڈ کے نامور ستاروں نے ان کی حمایت کی اور فلم پدماوتی کو خوب سراہا، ساتھ ہی مداحوں نے بھی مثبت تبصروں کے ساتھ اظہار خیال کیا۔
فلم کے اہم کرداروں میں دپیکا پڈوکون سمیت رنویر سنگھ اور شاہد کپور شامل ہیں۔
سنجے لیلا کے پیغام کے بعد رنویر نے بھی اپنی ایک ٹوئیٹ میں کہا، 'انہیں امید ہے کہ سنجے لیلا کے پیغام سے اب سب کچھ واضح ہوگیا ہوگا'۔
اسی طرح شاہد کپور نے بھی ایک ٹوئیٹ میں سنجے لیلا بھنسالی کا شکریہ ادا کیا۔
دوسری جانب اداکار ارجن کپور نے کہا، 'سنجے لیلا بھنسالی نے ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کو ثابت کردیا ہے، سیاست، تنقید اور الزامات سے صرف ماحول خراب ہوتا ہے۔سنجے لیلا بھنسالی بھروسہ مند فلم ساز ہیں اور مجھے یقین ہے کہ فلم بے حد اچھی ہوگی'۔
فلم بینوں کو 'پدماوتی' کے ریلیز ہونے کا شدت سے انتظار ہے، جو رواں برس یکم دسمبر کو ریلیز ہوگی۔