کھیل
Time 12 نومبر ، 2017

پی ایس ایل کا تیسرا سیزن کھیلنے کے لیے غیر ملکی کھلاڑی پرجوش

— فوٹو:فائل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا تیسرا سیزن کھیلنے کے لیے غیر ملکی کھلاڑی نہایت پرجوش ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے لیے ڈرافٹنگ کا عمل جاری ہے اور اس بار کئی غیر ملکی کرکٹ اسٹارز پی ایس ایل میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

تیسرے ایڈیشن کے میچز دبئی اور لاہور کے ساتھ ساتھ ممکنہ طور پر کراچی میں بھی کھیلے جائیں گے جب کہ ڈرافٹنگ کے بعد غیر ملکی کھلاڑیوں نے اپنے بیانات میں کہا ہے کہ وہ بے چینی سے پی ایس ایل کا انتظار کررہے ہیں۔

جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے لاہور قلندرز کے کرکٹر ہاشم آملہ نے لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں کے لئے اپنے ٹوئٹر پیغام کے ذریعے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

ہاشم آملہ نے لاہور قلندرز کے پلیئرز، فینز اور کوچنگ اسٹاف کے لئے اپنی بھرپور محبت اور سپورٹ کا اظہار بھی کیا۔

آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن کو پلاٹینم کیٹیگری میں کوئٹہ گلیڈی ایئٹر نے منتخب کیا ہے اور اپنی ڈرافٹنگ کے ساتھ ہی انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ پی ایس ایل کی ڈرافٹگ کی تقریب یوٹیوب پر دیکھ رہے تھے اور وہ پی ایس ایل میں کھیلنے کے لیے کافی پرجوش ہیں۔

ویسٹ انڈین ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان کارلوس بریتھ ویٹ بھی ڈائمنڈ کیٹیگری میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بنے ہیں اور ان کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ وہ کوئٹہ ٹیم کو جوائن کرنے اور پی ایس ایل کھیلنے کے لیے نہایت پرجوش ہیں۔

آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل جانسن کو ڈائمنڈ کیٹیگری میں کراچی کنگز نے منتخب کیا ہے جس پر انہوں نے بھی اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ’’یہ وقت میرے لیے کافی پرجوش ہے کیوں کہ میں پی ایس ایل کھیل کر اسے یادگار بنانا چاہتا ہوں‘‘۔

جنوبی افریقہ کے کھلاڑی کولن انگرام کو پلاٹینم کیٹیگری میں کراچی کنگز نے اپنی ٹیم کا حصہ بنایا ہے اور انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کراچی کنگز کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔


پشاور زلمی کا حصہ بننے والے بنگلہ دیشی کرکٹرز شکیب الحسن اور تمیم اقبال نے بھی پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا اور اپنے مداحوں کے لیے ٹوئٹر پر پشتو میں پیغام جاری کیا۔

تمیم اقبال نے تو اپنے نام کے آگے بھی ’’خان‘‘ کا اضافہ کرلیا اور پشتو میں اپنے مداحوں کو پیغام دیا۔


مزید خبریں :