13 نومبر ، 2017
بالی وڈ فلم ’پدماوتی‘ کی ریلیز کے خلاف بھارت کے مختلف شہروں میں مظاہرے اور شدید احتجاج ہوا۔
'پدماوتی' کو ریلیز سے قبل ہی کافی تنازعات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، کبھی انتہا پسند ہندو جماعتوں نے فلم کے سیٹس پر دھاوا بولا تو کبھی کچھ اور الزامات عائد کیے گئے۔
فلم کی نمائش کو روکے جانے کی دھمکیوں کے بعد ہدایت کار نے ویڈیو پیغام کے ذریعے اس حوالے سے وضاحتیں دیں لیکن یہ سب بھی انتہا پسندوں کو کسی صورت مطمئن نہیں کرسکا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنجے لیلا بھنسالی کی وضاحتوں کے بعد بھی فلم کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے، بھارتی شہر سورت،گاندھی نگر، بنارس اور ممبئی میں ’پدماوتی‘ کی ریلیز کے خلاف ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں، مظاہرین نے فلم میں رانی پدمنی کے کردار کومبینہ طور پر غلط انداز میں پیش کرنے پر احتجاج کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی شہر بنارس میں خواتین نے ہدایت کار سنجے لِیلا بھنسالی کے خلاف نعرے لگائے اور بیلن اٹھاکراحتجاج کیا۔
دوسری جانب فلم کی نمائش کی تاریخ قریب آتے ہی ہدایت کار کو دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سنجے لیلا بھنسالی کی حفاظت کے لیے ان کے گھر کے اطراف پولیس اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں۔
پولیس نے ہدایت کار کو اپنی نقل و حرکت محدود کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ فلم میں دپیکا پدوکون، رنویر سنگھ اور شاہد کپور نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں جب کہ فلم کی نمائش کی تاریخ یکم دسمبر رکھی گئی ہے۔