فضا میں اڑنے والی کار 2019 میں مارکیٹ کرنے کا اعلان

کئی ماہ تک گردش کرنے والی افواہوں کے بعد اب سوئیڈن کی کار بنانے والی مشہور کمپنی نے فضا میں اڑنے والی کار مارکیٹ میں لانے کا اعلان کردیا۔

گاڑیاں بنانے والی سویڈن کی نامور کمپنی 'وولو' کی ذیلی کمپنی 'گیلے' کا کہنا ہے کہ زمین پر چلنے اور فضا میں اڑنے والی گاڑی 2019 تک مارکیٹ میں پیش کردی جائے گی تاہم اس کی فروخت 2023 سے شروع ہوگی۔

عام خیال ہے کہ گاڑی کا وزن 13 ہزار پاؤنڈ تک ہوگا جس میں 5 فکس لینڈنگ گیئر اور پائلٹ سمیت 2 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔

کار کے تہ ہونے والے دونوں پروں پر الیکٹرک موٹر لگائی گئی ہیں جو اسے اڑنے میں مدد دیتی ہے۔

اڑنے والی کار چلانے کے لئے پائلٹ کے پاس اسپورٹس پائلٹ سرٹیفکٹ کا ہونا لازم ہوگا اور کم از کم 20 گھنٹے کی ٹریننگ بھی ضروری ہوگی۔

کمپنی کے مطابق اڑنے والی کار زیادہ سے زیادہ 10 ہزار فٹ بلندی پر 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے اڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور مارکیٹ میں اس کی قیمت 2 لاکھ 61 ہزار ڈالر تک ہوسکتی ہے۔

کمپنی کے مطابق فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے اسٹریٹ لیگل پلان ٹرانزیشن کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد فضا میں اڑنے والی تقریبا 18 ہزار پاؤنڈ تک کی ہائبرڈ کاریں بنانے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

گیلے کمپنی کے بانی اور چیرمین لی شوفو کا کہنا ہے کہ نقل و حرکت اور ٹریفک جیسے مسائل کے حل کے لئے فضا میں اڑنے والی کاریں بنانے کا وژن تھا جسے پورا کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ رہنے کے لئے فضا میں اڑنے والی کاریں نئی انڈسٹری ثابت ہوگی جس سے نقل و حرکت کے مسائل حل ہوں گے۔

لی شوفو نے مزید کہا کہ انہیں اپنے شراکت داروں کا بھی مکمل تعاون حاصل ہے جس کی بدولت فضا میں اڑنے والی کار بنانے کا خواب حقیقت میں بدلا جب کہ 2006 سے اس منصوبے پر کام ہورہا تھا۔




مزید خبریں :