16 نومبر ، 2017
اسلام آباد؛ عمران فاروق قتل کیس کی سماعت کرنے والے جج کو تبدیل کردیا گیا۔
جیونیوز کے مطابق عمران فاروق قتل کیس کی سماعت اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کوثر عباسی زیدی کررہے تھے لیکن اب ان کی جگہ کیس اے ٹی سی کے ہی جج شاہ رخ ارجمند کو منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب نئے جج نے کیس میں نامزد ملزمان بانی ایم کیوایم کے کزن افتخار حسین، قریبی ساتھی محمد انور اور کامران کاشف کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وارنٹ گرفتاری ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ کو موصول ہوگئے ہیں جس میں ایف آئی اے کو ایک ہفتے میں انٹر پول سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ایف آئی اے نے انٹر پول سے ریڈ وارنٹ کے اجرا کے لیے ضروری دستاویزات بھی مکمل کرلی ہیں، ایف آئی اے ایک ہفتے کے دوران ملزمان کی حوالگی کے لیے انٹر پول سے رابطہ کرے گی۔
ذرائع کے مطابق تین ملزمان میں سے کاشف کامران کے وفات پانے کی اطلاعات ہیں لیکن موت کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
علاوہ ازیں کیس کے ملزمان معظم علی، خالد شمیم اور سید محسن علی پر فرد جرم کے لیے 22 نومبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے جب کہ ملزمان کا ٹرائل جیل میں ہوگا۔
واضح رہے کہ ایم کیوایم کے سابق رہنما عمران فاروق کو 2010 میں لندن میں ان کے گھر کے باہر قتل کیا گیا تھا جس کےبعد سے لندن پولیس بھی ان کے قتل کی تحقیقات میں مصروف ہے لیکن کوئی خاص کامیابی حاصل نہیں کرسکی ہے۔