Time 18 نومبر ، 2017
پاکستان

بھارت کا کلبھوشن کی اہلیہ کو اکیلے پاکستان بھیجنے سے انکار

اسلام آباد: بھارت نے کلبھوشن یادیو کی اہلیہ کو اکیلے پاکستان بھیجنے سے انکار کرتے ہوئے ان کی والدہ کا ویزہ جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

جیو نیوز کے مطابق دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی اہلیہ سے ملاقات کی پاکستانی پیش کش سے متعلق بھارتی جواب موصول ہوگیا جس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے جواب میں کہا گیا ہےکہ کلبھوشن کی اہلیہ اکیلی پاکستان نہیں آسکتیں، ان کی والدہ کے ویزے کی درخواست بھی پاکستان میں زیر التواء ہے، انسانی بنیادوں پر کلبھوشن کی والدہ بھی بیٹے سے ملاقات کی حقدار ہیں لہٰذا انہیں بھی انسانی بنیادوں پر ویزہ دیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پاکستان کی جانب سے پیشکش کو بھارتی حکومت نے مثبت قرار دیاہے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ 10 نومبر کو پاکستان نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے جاسوس کلبھوشن یادیو کی اہلیہ کو شوہر سے ملاقات کی پیش کش کی تھی۔

دفترخارجہ کی جانب سے بھارتی ہائی کمیشن کو بھیجے گئے مراسلے میں ’را‘ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کو اہلیہ سے ملاقات کی باقاعدہ پیش کش کی گئی تھی۔

پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کلبھوشن یادیو کو اہلیہ سے ملاقات کی اجازت انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دی گئی ہے، بھارتی ہائی کمیشن کو کہا گیا ہے کہ کلبھوشن کی اہلیہ کو پاکستانی ویزا جاری کیا جائے گا اور بھارتی جاسوس کی اہلیہ سے ملاقات پاکستان میں ہی ہو گی۔

ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ نے کلبھوشن کی اہلیہ سے ملاقات کے حوالے سے پاکستانی پیشکش کا جواب دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016 کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔

کلبھوشن پر پاکستان میں دہشت گردی اور جاسوسی کے سنگین الزامات ہیں اور بھارتی جاسوس تمام الزامات کا مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف بھی کر چکا ہے۔

بعدازاں رواں برس 10 اپریل 2017 کو کلبھوشن یادیو کو جاسوسی اور کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر سزائے موت سنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

تاہم بھارت نے کلبھوشن یادیو کی سزائے موت کو عالمی ثالثی عدالت (آئی سی جے) میں چیلنج کرتے ہوئے سزا پر عمل درآمد رکوانے کی اپیل کی تھی۔

عالمی عدالت نے کلبھوشن کی سزائے موت کے خلاف بھارت کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ حتمی فیصلہ آنے تک کلبھوشن کو پھانسی نہیں دی جاسکتی۔

مزید خبریں :