22 نومبر ، 2017
فلم 'پدماوتی' پر ہونے والی تنقید اور دھمکیوں کے بعد بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان اور مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان بھی فلم کی مرکزی اداکارہ دپیکا کی حمایت میں سامنے آگئے۔
بھارتی انتہا پسندوں نے دپیکا کی ناک کاٹنے سمیت اداکارہ کے سر کی قیمت بھی مقرر کر رکھی ہے، جس پر عامر اور شاہ رخ دونوں نے ہی غم و غصہ کا اظہار کیا۔
پنک ولا کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ جیسے ہی عامر خان کو دپیکا کو دی جانے والی دھمکیوں کے حوالے سے خبر ملی تو انہوں نے فوراً ہی اداکارہ کو فون کیا اور تمام حالات کے بارے میں پوچھا، انہوں نے دپیکا کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں محتاط رہنے کی ہدایت بھی کی۔
دوسری جانب شاہ رخ خان نے بھی دپیکا کو فوری طور پر فون کرکے ان کی خیریت دریافت کی۔
بولی وڈ خانز نے عوامی سطح پر دپیکا یا فلم کے بارے میں کوئی بات نہیں کی۔
واضح رہے کہ گذشتہ برس شاہ رخ اور عامر خان کے ہندوستان میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت کے حوالے سے دیئے گئے بیانات کے بعد دونوں اداکاروں کو بھی شدت پسند تنظیموں کی جانب سے دھمکیاں موصول ہوئیں تھی جس کے بعد ممبئی پولیس نے شاہ رخ اور عامر کی سیکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا۔
اب تک فلم 'پدماوتی'کی حمایت میں بالی وڈ کے کئی نامور ستاروں نے اپنا اظہار خیال کیا ہے جن میں اداکارہ شبانہ اعظمیٰ، سلمان خان، کرن جوہر اور دیگر شامل ہیں۔
پدماوتی تنازع
بھارت کی ریاست ہریانہ سے ملک کی حکمران جماعت بی جے پی کے رہنما سورج پال امو نے سنجے لیلا بھنسالی اور دپیکا پڈوکون کے سرکی قیمت 10 کروڑ مقرر کی ہے جب کہ ابھیشیک سوم اس سے قبل دونوں کے سر کی قیمت 5 کروڑ مقرر کر چکے ہیں۔
انتہا پسندوں نے دپیکا کو جلانے تک کی دھمکیاں دے ڈالیں جس کے بعد فلمساز نے’پدماوتی‘ کی نمائش کو ملتوی کرنے میں ہی عافیت جانی ہے، لیکن فلم کی نمائش ملتوی کرنے کے باوجود بھی ’پدماوتی‘ تنازع تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔
فلم کی مخالفت میں جہاں کرنی سینا کی حمایت میں بھارتیہ جنتہ پارٹی، انتہا پسند جماعت بجرنگ دل سمیت کئی چھوٹے بڑے گروپ شامل ہوگئے ہیں وہیں بالی وڈ شخصیات کے ساتھ ساتھ کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ بھی کود پڑے ہیں جس کے بعد یہ ایک قومی، سیاسی اور ریاستی مسئلہ بھی بن گیا ہے۔