Time 14 نومبر ، 2017
انٹرٹینمنٹ

فلم پدماوتی کا تنازع، سلمان بھی سنجے لیلا بھنسالی کی حمایت میں آگئے

بالی وڈ اداکار سلمان خان نے فلم ’پدماوتی‘ تنازع میں ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی حمایت کردی۔

ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوتی‘ پر بھارتی ریاست راجھستان کی شری راجپوت کرنی سینا نے تاریخی حقائق مسخ کرکے پیش کرنے کا الزام عائد کیا ہے جس کے باعث فلم شوٹنگ سے ہی تنازعات کا شکار ہے۔

فلم کے سیٹ پر دو بار انتہا پسندوں کی جانب سے حملے کیے گئے اور اب فلم کی نمائش کی تاریخ قریب آتے ہی ایک بار پھر تنازع نے سر اٹھا لیا ہے۔

کرنی سینا اور بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کی جانب سے فلم کی نمائش پر پابندی یا ریلیز سے قبل فلم دکھائے جانے کا مطالبہ زرو پکڑ گیا ہے جس کے بعد ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کو ویڈیو پیغام کے ذریعے وضاحتیں دینی پڑیں۔

سنجے لیلا بھنسالی کی وضاحتیں بھی کام نہیں آئی ہیں اور گزشتہ روز بھارت کے کئی شہروں میں فلم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے لیکن اب فلم کے حق میں فلم نگری سے آوازیں اٹھنا شروع ہوگئی ہیں۔

فلمساز کرن جوہر کے بعد سلمان خان نے بھی ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی حمایت کردی ہے۔

دبنگ خان نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ اگر اس فلم میں کچھ قابل اعتراض ہے تو سنسر بورڈ کو یہ معاملہ دیکھنا چاہیئے، نہ کہ اس پر مسائل کھڑے کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ سنجے لیلا بھنسالی بہت اچھی فلمیں بنانے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں اور ان کی پچھلی فلمیں دیکھی جائیں تو ان میں کوئی متنازع چیزیں نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ سلمان خان ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ فلم ’خاموشی‘ اور’ہم دل دے چکے صنم‘ میں کام کرچکے ہیں لیکن اب سلو میاں اور ان کے درمیان طویل عرصے سے اختلافات چل رہے ہیں۔

فلمی حلقوں میں سنجے لیلا سے اختلافات کے باوجود سلمان کی حمایت کو بڑی اہمیت دی جارہی ہے اور اسے دونوں کے درمیان تعلقات کی بحالی کا آغاز قرار دیا جارہا ہے۔

دوسری جانب انڈین فلم اینڈ ٹی وی ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن نے بھی مرکزی وزرات اطلاعات و نشریات اور راجھستان حکومت سے فلم کی نمائش پر امن بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ 

مزید خبریں :