’پدماوتی‘ تنازع نے ایک شخص کی جان لے لی

— فوٹو:فائل

بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کی فلم ’پدماوتی‘ پر جاری تنازع نے ایک شخص کی جان لے لی۔

بھارتی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی، انتہا پسند بجرنگ دل اور کرنی سینا کی جانب سے فلم ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی اور دپیکا پڈوکون کے سروں کی قیمت مجموعی طور پر 15 کروڑ مقرر کی جاچکی ہے۔

فلم کی ریلیز ملتوی ہونے کے باوجود انتہا پسندوں نے فلم کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور اس تنازع نے اب ایک شخص کی جان لے لی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست راجھستان کے شہر جے پور میں نہار گڑھ قلعے سے ایک شخص کی پھندا لگی لاش ملی جس کی شناخت 40 سالہ چیتن سیانی کے نام سے ہوئی ہے۔

قتل میں غیر معمولی چیز لاش کے قریب پتھروں پر فلم ’پدماوتی‘ تنازع سے متعلق دھمکی آمیز پیغام بھی تحریر کیے گئے تھے جن پر درج تھا کہ ’ہم صرف پتلے نہیں لٹکاتے ہیں‘ جب کہ دوسرے پتھر پر صرف ’پدماوتی‘ لکھا تھا۔

پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر قتل کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

واضح رہے کہ فلم میں اداکارہ دپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ اور شاہد کپور نے مرکزی کردار کیا ہے اور فلم کی نمائش یکم دسمبر کو ہونا تھی۔

مزید خبریں :