04 دسمبر ، 2017
احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز کی سماعت کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف کی ایک ہفتے کے لئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور جب کہ مریم نواز کی درخواست مسترد کردی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف نیب کی جانب سے دائر تین ریفرنسز کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران عدالت نے نواز شریف کی ایک ہفتے کے لئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی جس کا اطلاق کل ہونے والی سماعت سے ہوگا۔
جب کہ جج محمد بشیر نے مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست میں رد و بدل کی استدعا مسترد کردی اور ان کا استثنیٰ 15 دسمبر تک برقرار رکھا ہے۔
نیب ریفرنسز کی سماعت کے دوران آج دو مرتبہ وقفہ کیا گیا اور سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے ہمراہ 2 مرتبہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
پہلے وقفے کے بعد نواز شریف عدالت کے روبرو پیش نہ ہوئے تو عدالت نے وکیل کا موقف سننے کے بعد نجی بینک سے تعلق رکھنے والے استغاثہ کے گواہ ملک طیب احمد کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دیا۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کی جانب سے تینوں ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف آج آٹھویں مرتبہ جب کہ مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر نے 10،10 مرتبہ احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
کیس کا پس منظر
سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کئے ہیں جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہے۔
نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن، حسین ، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا ہے۔
العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور 15 آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔