Time 06 دسمبر ، 2017
پاکستان

پاکستان نے بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کی مخالفت کر دی

فوٹو: فائل

پاکستان نے امریکا کی جانب سے اپنا سفارت خانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کے مجوزہ فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدام سے مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کی کوششیں متاثر ہوں گی۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو امریکی سفارتخانہ بیت المقدس منتقل کرنے کی خبروں تشویش ہے اور پاکستان امریکا کے کسی بھی ایسے اقدام کی مخالفت کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکا القدس کی قانونی و تاریخی حیثیت تبدیل کرنے سے اجتناب کرے، کیونکہ ایسے امریکی اقدام سے نہ صرف علاقائی امن و سلامتی کی کوششیں متاثر ہوں گی بلکہ مشرق وسطٰی میں پائیدار امن کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ ایسا قدم اس معاملے پر عالمی اتفاق رائے سے ہٹ کر ہو گا، امریکی فیصلہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہو گا۔

پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ امریکی سفارتخانے کے مقبوضہ المقدس منتقلی کے حوالے سے او آئی سی کے حتمی اعلامیے کی مکمل توثیق کرتے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکی سفارتخانہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کیے جانے سے متعلق فیصلہ آج متوقع ہے جب کہ او آئی سی، ایران اور یورپی یونین سمیت پاپ فرانسس نے امریکی صدر کو اس فیصلے سے باز رہنے کی تلقین کی ہے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے اس معاملے پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔

مزید خبریں :