پاکستان
Time 06 دسمبر ، 2017

پیرحمید سیالوی کا ن لیگ سےتعلق توڑنے کا اعلان


درگاہ سیال شریف کے سجادہ نشین پیر حمید الدین سیالوی نے مسلم لیگ (ن) سے اپنی راہیں جدا کرتے ہوئے فیصل آباد میں جلسے کا اعلان کیا ہے۔

خواجہ حمید الدین سیالوی کا کہنا ہے کہ ختم نبوت ﷺ کے معاملے پر رانا ثناء اللہ کے استعفے کا مطالبہ حتمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے بھی رابطہ ہوا اور انہوں نے دو روز کی مہلت مانگی تھی، ہم نے رانا ثناء اللہ کے استعفے کے معاملے پر حکومت کو بہت وقت دیا ہے۔

سجادہ نشین درگاہ سیال شریف نے کہا کہ انگلیاں اٹھائی جا رہی ہیں کہ ہم نے کوئی ڈیل کر لی ہے لیکن اب ہمارا مسلم لیگ (ن) سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے 10 دسمبر کو فیصل آباد میں ختم نبوت کنونشن کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کئی سینیٹرز اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی استعفے دیں گے۔

دوسری جانب خواجہ حمید الدین سیالوی کے بھتیجے اور رکن پنجاب اسمبلی خواجہ نظام الدین سیالوی نے کہا ہے کہ انہیں نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد ہے لیکن اپنا استعفیٰ خواجہ حمید الدین سیالوی کو جمع کرا دیا ہے، وہ جو بھی فیصلہ کریں گے ہمیں قبول ہوگا۔

خیال رہے کہ ختم نبوت کے حلف نامے میں ترمیم کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے کئی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا اور متعدد اراکین اسمبلی نے اپنے استعفے خواجہ حمیدالدین سیالوی کے پاس جمع کرا دیے تھے۔

مزید خبریں :