Time 13 دسمبر ، 2017
انٹرٹینمنٹ

ویرات اور انوشکا کے مجموعی اثاثوں کی حیران کن تفصیلات منظرعام پر

ویرات اور انوشکا رواں ہفتے اٹلی کے شہر میلان میں رشتہ اذدواج میں منسلک ہوئے—فوٹو/بشکریہ ٹوئٹر

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما کی جوڑی ’ارب پتی‘ بن گئی جن کے مجموعی اثاثوں کی مالیت تقریباً 6 ارب بھارتی روپے سے زائد ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما رواں ہفتے شادی کے بندھن میں بندھے اور دونوں ہی اپنے اپنے شعبوں میں مہارت رکھتے ہیں۔

ایک طرف جہاں ویرات کوہلی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی بھارتی کرکٹرز میں شامل ہیں، وہیں انوشکا بھی پیچھے نہیں اور وہ ایک فلم میں کام کرنے کا معاوضہ 5 کروڑ بھارتی روپے وصول کرتی ہیں۔

نوبیاہتا جوڑے کے ذاتی اثاثوں سے متعلق حیران کن تفصیلات سامنے آئی ہیں جنہوں نے بڑے بڑے ارب پتیوں کو بھی گھما کر رکھ دیا ہے۔

ویرات کوہلی کے اثاثے

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کے مجموعی اثاثوں کی مالیت تقریباً 600 کروڑ  (6 ارب بھارتی روپے) ہے جس سے ان کا شمار ارب پتیوں میں ہوتا ہے۔

ویرات کوہلی ایک ون ڈے کی فیس 6 لاکھ بھارتی روپے جبکہ ٹیسٹ میچ کی فیس 15 لاکھ بھارتی روپے وصول کرتے ہیں اور اسی طرح آئی پی ایل کے ایک سیزن سے وہ 14 کروڑ بھارتی روپے کما  لیتے ہیں۔

بھارتی کرکٹر کو اشتہارات اور دیگر اثاثوں سے بھی 42 کروڑ بھارتی روپے سالانہ حاصل ہوتے ہیں جب کہ ان کی 18 کروڑ بھارتی روپے کی انویسمنٹ بھی موجود ہے۔

ویرات لگژری گاڑیوں کے بھی شوقین ہیں اور ان کے پاس 6 لگژری گاڑیاں موجود ہیں جن کی مالیت 9 کروڑ بھارتی روپے ہے۔

ویرات نے اس سب کے علاوہ جرمنی کے اسپورٹس برانڈ ’ پوما‘ سے بھی 8 سال کے لیے 110 کروڑ بھارتی روپے کی بڑی ڈیل کر رکھی ہے اور وہ سالانہ 120 کروڑ بھارتی روپے کی کمائی بھی کرتے ہیں۔

بھارتی کپتان دنیا کے سب سے زیادہ کمائی کرنے والے کرکٹرز میں شمار ہوتے ہیں اور ان کے کل اثاثوں کی مالیت 390 کروڑ بھارتی روپے  ہے جب کہ وہ 28 کروڑ بھارتی روپے ٹیکس بھی ادا کرچکے ہیں۔

انوشکا شرما کے اثاثے

اسی طرح ان کی دلہنیا انوشکا شرما بھی کسی سے کم نہیں ہیں جو اداکاری کے ساتھ ساتھ پروڈیوسر بھی ہیں۔

انوشکا جہاں ایک فلم میں اداکاری کے لیے کم از کم 5 سے 8 کروڑ بھارتی روپے وصول کرتی ہیں، وہیں اشتہارات سے بھی 4 کروڑ بھارتی روپے کماتی ہیں۔

اداکارہ فلم پروڈکشن ہاؤس اور دیگر کاروبار میں 36 کروڑ بھارتی روپے کی انویسمنٹ کرچکی ہیں جس سے بھی انہیں آمدنی حاصل ہوتی ہے۔

اداکارہ کو بھی لگژری گاڑیاں رکھنے کا شوق ہے اور ان کے پاس 4 لگژری گاڑیاں ہیں جن کی مالیت 5 بھارتی کروڑ ہے جب کہ ہر سال اداکارہ کی آمدنی میں 18 فیصد اضافہ ہور ہا ہے، اس وقت انوشکا کے اثاثوں کی مالیت تقریباً 220 کروڑ بھارتی روپے ہے۔

اس طرح نوبیاہتا جوڑے کے اثاثوں کی کُل مالیت 600 کروڑ بھارتی روپے بنتی ہے اور اسے ارب پتی جوڑی کہا جاسکتا ہے، ساتھ ہی 2 سالوں میں ان کے اثاثوں کی مالیت تقریباً 10 ارب یعنی (1000) کروڑ بھارتی روپے ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

مزید خبریں :