15 دسمبر ، 2017
بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما نے شادی کے بعد ’ہنی مون‘ کے لیے برفیلے پہاڑوں کا انتخاب کرلیا۔
ویرات کوہلی اور انوشکا شرما نے ایک ساتھ زندگی کا نیا سفر شروع کیا ہے لیکن اس سفر کے آغاز کے لیے انہوں نے اٹلی کا پر فضا مقام چنا تھا جہاں یہ دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔
دونوں کی شادی کی تقریبات خفیہ انداز میں ہوئی ہیں لیکن انوشکا اور ویرات نے 11 دسمبر کو ایک ساتھ ٹوئٹ کرکے اپنے چاہنے والوں کو شادی کی خبر دی تھی۔
نوبیاہتا جوڑے کی شادی سے متعلق جاننے کے لیے مداح اب بھی بیتاب ہیں لیکن اس سب کے باوجود ویرات اور انوشکا کی جوڑی ’ہنی مون‘ کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔
انوشکا اور ویرات کوہلی نے ’ہنی مون‘ کے لیے برفیلے پہاڑوں کا انتخاب کیا ہے اور نوبیاہتا جوڑی نے انسٹاگرام پر ایک سیلفی شیئر کی ہے۔
انوشکا شرما نے تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے کہ وہ جیسے جنت میں ہیں۔
سیلفی میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ انوشکا کے ہاتھوں کی مہندی کا رنگ بھی پھیکا نہیں پڑا ہے اور ان کی انگلیوں میں شوہر کی جانب سے تحفہ دی گئی قیمتی انگوٹھی بھی موجود ہے۔
شادی شدہ جوڑے نے اپنے ہنی مون کی جگہ کو بھی شادی کی طرح خفیہ رکھا ہے لیکن برفیلے پہاڑ دیکھ کر اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے کہ یہ جوڑی یورپ میں ہی کہیں مقیم ہے۔