Time 16 دسمبر ، 2017
دنیا

سعودی خواتین اب موٹرسائیکل اور ٹرکس بھی چلاسکیں گی

سعودی عرب میں خواتین کے ڈرائیو کرنے پر عائد پابندی ختم ہونے کے بعد اب وہاں کی عورتیں موٹر سائیکل اور ٹرکس بھی چلا سکیں گی۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ٹریفک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نئے قوانین خواتین کو موٹر سائیکل اور ٹرک چلانے کی بھی اجازت دیتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ’’ہاں ہم خواتین کو موٹرسائیکل اور ٹرکس چلانے کی بھی اجازت دیں گے کیوں کہ اس حوالے سے جاری ہونے والے شاہی فرمان میں کہا گیا ہے کہ ڈرائیونگ کے حوالے سے قوانین میں مردوں اور عورتوں کو برابری کے حقوق دیے جائیں‘‘۔

یہ بات بھی سامنے آئی کہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والی سعودی خواتین کو کوئی خصوصی نمبر پلیٹس جاری نہیں کیے جائیں گے البتہ خواتین ڈرائیورز کی جانب سے کی جانے والی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور حادثات سے نمٹنے کے لیے علیحدہ مراکز قائم کیے جائیں گے جہاں عملہ خواتین پر مشتمل ہوگا۔

خیال رہے کہ رواں برس ستمبر میں سعودی شاہ سلمان نے شاہی فرمان جاری کیا تھا جس میں خواتین کے ڈرائیونگ کرنے پر عائد پابندی ختم کردی گئی تھی اور اب سعودی خواتین آئندہ جون سے ڈرائیونگ کے کرسکیں گی۔

سعودی عرب دنیا کا واحد ملک تھا جہاں خواتین کو ڈرائیونگ کرنے کی اجازت نہیں تھی۔

مزید خبریں :