18 جولائی ، 2012
ممبئی… بھارتی فلم انڈسٹری کے پہلے سپر اسٹارراجیش کھنہ چل بسے۔ ان کی عمر 69سال تھی۔بھارتی ٹی وی کے مطابق راجیش کھنہ گردوں کی بیماری میں مبتلا تھے اور انہیں طبیعت کی شدید خرابی کے بعد انہیں آج ہی اسپتال سے گھر منتقل کر دیا گیا تھا جہاں رشتہ داروں کے علاوہ بیٹی ٹوئنکل اور داماد اکشے کمار موجود تھے۔ راجیش کھنہ کی آخری رسومات بھارتی وقت کے مطابق کل صبح گیارہ بجے ادا کی جائیں گی۔ راجیش کھنہ 1942 ء میں امرتسر پنجاب میں پیدا ہوئے۔ راجیش کھنہ نے 1966 ء میں فلم ”آخری خط “ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔ انہوں نے 163فلموں میں کام کیا۔ ان کی مشہور فلموں میں امر پریم، باورچی ،سوتن، راز، دو راستے ، کٹی پتنگ اور ارادھنا جیسی درجنوں سپر ہٹ فلمیں شامل ہیں۔ 70 کی دہائی میں مسلسل 15 سولو سپر ہٹ فلموں کے بعد انہیں سپراسٹار کے اعزازسے نوازا گیا۔ راجیش کھنہ کانگریس کے ٹکٹ پر رکن پارلیمنٹ بھی رہے، انہیں 2005 میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی دیا گیا۔راجیش کھنہ نے 1973 ء میں ڈمپل کپاڈیا سے شادی کی تاہم 1984 ء ان میں علیحدگی ہوگئی تھی۔