18 جولائی ، 2012
موغادیشو… اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ صومالیہ میں قحط کے باعث تقریباً 25 لاکھ افراد شدید مشکلات کا شکار ہیں اور اگر بروقت عالمی امداد فراہم نہ کی گئی تو صورتحال مزید ابتر ہو سکتی ہے۔ انسانی ہمدردی سے متعلق اقوام متحدہ کے رابطہ کار مارک بوڈن نے کہا کہ صومالیہ میں قحط کے باعث شرح اموات میں اضافہ ہوا ہے جبکہ لاکھوں بچے غذائیت کی کمی کا شکار ہیں جو دنیا میں سب سے بلند شرح ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 323000 بچے جن کی عمریں 5 سال سے کم ہیں، شدید غذائی قلت کا شکار ہیں، جن کیلئے ہنگامی بنیادوں پر امداد کی ضرورت ہے جبکہ پچھلے سال جولائی سے اب تک لاکھوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ادھر صومالیہ میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی نے بھی صورتحال کو مزید ابتر کر دیا ہے۔