28 دسمبر ، 2017
ریاض: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی دورہ سعودی عرب کے دوران ترک وزیراعظم بن علی یلدرم سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺکےداخلی دروازےکےباہر ہوئی جس کے دوران دونوں رہنماؤں نےگرم جوشی سے مصافحہ کیا اور گلے ملے، دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی برادر اسلامی ممالک ہیں، مقبوضہ بیت المقدس کے مسئلے پر ترک صدر کا کردار مثالی رہا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس مسئلے پر امت نے یک زبان ہوکر امریکی فیصلے کی مخالفت کی۔
شہباز شریف نے ترک وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہر مسلمان سعودی عرب کےمقدس مقامات سے روحانی لگاؤ رکھتا ہے، آپ سے مسجد نبوی ﷺکے مقدس ترین مقام پر ملنےکی بہت خوشی ہوئی۔
اس پر ترک وزیراعظم نے بھی ملاقات پر مسرت کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اپنے دورے میں سعودی قیادت اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
شہبازشریف گزشتہ روز سعودی حکومت کی جانب سے بھیجے گئے خصوصی طیارے میں سعودی عرب روانہ ہوئے تھے۔
جیونیوز کےمطابق شہبازشریف تین روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں جہاں وہ دورے کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سمیت سعودی قیادت اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق شہبازشریف نے آج مسجد نبوی میں نماز فجر پڑھی، نوافل ادا کیے اور ملکی ترقی و استحکام کے لیے دعا کی۔
دوسری جانب ترجمان وزیراعظم مصدق ملک نے جیونیوز کے پروگرام ’آپس کی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کا دورہ ذاتی نوعیت کا ہے، وہ عمرہ ادا کریں گے۔
انہوں نے شہبازشریف کے دورے پر تحریک انصاف کی تشویش کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی ساری عمر تشویش میں ہی گزر جائے گی۔