29 دسمبر ، 2017
کوئٹہ: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ضروری نہیں کہ سعودی عرب جاکر ہر کوئی سیاست کرے جب کہ ترجمان پاک فوج کے بیان پر سعد رفیق کی وضاحت کے بعد معاملہ ختم ہوگیا۔
کوئٹہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو پیغام دیتا ہوں کہ ملک میں عدم استحکام کا فائدہ دشمنوں کو ہوگا، دھرنے یا انتشار کی سیاست کا فائدہ دہشت گردوں کو ہوگا جو بے یقینی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، یہ جنگ جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ دشمن بلوچستان میں کارروائیاں کرکے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے اور فرار ہونے والے دہشت گرد مغربی سرحد سے دوبارہ ملک میں داخل ہوکر دہشتگردی کررہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کی سعودی عرب روانگی سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ضروری نہیں کہ سعودی عرب جاکر ہر کوئی سیاست کرے، کوئی نہ کوئی ایم این اے یا ایم پی اے یا وزیر سعودی عرب گیا ہوا ہوتا ہے جب کہ گزشتہ ہفتے وہ بھی سعودی عرب گئے ہوئے تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان پر وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی وضاحت سامنے آچکی ہے جس کے بعد معاملہ ختم ہوگیا ہے، اس لئے اسے طول دینے کی ضرورت نہیں۔
خیال رہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے گزشتہ روز میڈیا بریفنگ کے دوران وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے بیان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا بیان غیر ذمے دارانہ تھا جو غیر ارادی نہیں لگتا۔
جس کے جواب میں خواجہ سعد رفیق نے ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میڈیا چینلز تبصرہ ضرور کریں لیکن ان کی پوری تقریر بھی سنوائیں، ڈی جی آئی ایس پی آر مثبت آدمی ہیں تاہم ان کے ردِ عمل پر دلی دُکھ ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ 27 منٹ کی تقریر بالائے طاق رکھ کر چند الفاظ پر راۓ قائم کرنا مناسب نہیں، کبھی غیرذمے دارانہ یا غیرآئینی رویہ نہیں اپنایا، ماتحت نظام کو کبھی ٹارگٹ کیا اور نہ ہی اس کا تصور کر سکتا ہوں۔