پاکستان
Time 29 دسمبر ، 2017

نیب کا پاکستان اسٹیل ملز کی بربادی کی انکوائری کا فیصلہ


قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان اسٹیل ملز کی بربادی کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کے چیئرمین اسد عمر نے 18 دسمبر کو چیئرمین نیب جسٹس ریٹائڑد جاوید اقبال کو ایک خط لکھا تھا جس میں انہوں نے پاکستان اسٹیل مل بند ہونے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

اسد عمر نے خط میں یہ بھی لکھا تھا کہ ایک ماہ میں قومی خزانے کو ڈیڑھ ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے جب کہ نا تو ملازمین کو تنخواہیں مل رہی ہیں اور نا ہی ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن مل رہی ہیں، لوگ خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔

آج نیب کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز کی بربادی کی وجوہات جاننے کے لیے انکواری کا فیصلہ کیا گیا ہے، نیب نے انکوائری کے بعد ماضی اور حال کے تمام ذمے داران کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قوم کے اربوں روپے کے ضیاع کی انکوائری ہو گی، تمام ذمے دارانہ کا تعین کیا جائے گا۔

نیب اعلامیے کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز کی متعلقہ قائمہ کمیٹی نے بھی کارروائی کی سفارش کی ہے، انکوائری کی جائے گی کہ پاکستان اسٹیل کی بربادی کسی سازش کا نتیجہ تو نہیں، یہ انکوائری بھی ہو گی کون سے مفاد پرست پاکستان اسٹیل کی تباہی میں ملوث تھے اور ہیں۔

یاد رہے کہ حکومت نے رواں ماہ کے آغاز میں ہی پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کے لیے 2 ماہ کی تنخواہیں جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں :