01 جنوری ، 2018
پاکستان میں سال 2018 کا آغاز ہوگیا ہے جس کی آمد پر ملک کے مختلف شہروں میں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔
نئے سال کی آمد پر کراچی، راولپنڈی اور لاہور میں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جبکہ ڈانسنگ فاؤنٹین اور میوزیکل شو کا بھی انعقاد کیا گیا۔
علاوہ ازیں کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر شہروں میں نئے سال کا پرجوش استقبال کیا گیا۔
صحرائے تھر کے زندہ دل مکینوں نے بھی نئے سال کا استقبال بھرپور طریقے سے کیا اور ملکی ترقی اور خیر و عافیت کی دعائیں مانگی گئیں۔
ایک طرف سالِ نو کا جشن منانے والوں نے آتش بازی کے مظاہروں اور میوزیکل شو سے لطف اٹھایا، وہیں کراچی کے شہریوں کو سپر ہائی وے پر بدترین ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں 19 افراد زخمی بھی ہوئے۔
نئے سال کوسرچ انجن گوگل بھی اپنے انداز میں ویلکم کہہ رہا ہے۔
سال نو کے آغاز پر گوگل نے اپنا نیا ڈوڈل متعارف کروادیا جس میں رنگ برنگے پرندے اور پینگوئنز سردی میں بے صبری سے نئے سال کا انتظار کرتے نظر آئے۔
رواں برس کراچی کے شہریوں کے لیے نئے سال کا استقبال اس لحاظ سے خاص رہا کہ اس مرتبہ سال نو پر شہریوں کے ساحل سمندر پر جانے پر پابندی عائد نہیں کی گئی۔
گذشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سی ویو جانے والی سڑکوں سے رکاوٹیں فوری ہٹانے کے احکامات جاری کیے تھے۔
دوسری جانب ان کا کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ کی کسی کو اجازت نہیں ہوگی، شہری سال نو پر دوسروں کی خوشی کا بھی خیال ضرور رکھیں۔