Geo News
Geo News

پاکستان
18 جولائی ، 2012

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان

 ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان

اسلام آباد…دارالحکومت اسلام آباد اور خیبر پختونخواکے مختلف علاقوں میں بارش سے جل تھل ایک ہوگئے لیکن ملک کے بیشتر علاقوں میں عوام ابر رحمت کا انتظار کرتے رہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔جمعرات کے روز ملک کے اکثر علاقوں میں گرم ہوائیں چلتی رہیں۔ شہری ٹھنڈے مشروبات کے اسٹالز اور دکانوں پر گرمی بھگانے کا سامان کرتے رہے۔ تاہم شام ڈھلتے ہی خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں بادل گرجے بھی اور برس بھی گئے۔ہنگو،کرک اور بٹ خیلہ میں تیز ہواوٴں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ بارش سے جہاں گرمی کا زور ٹوٹا وہیں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوجانے سے شہریوں کی مشکلات بھی بڑھ گئیں۔اسلام آباد اور روالپنڈی میں بھی برسات سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔قبائلی علاقے پاراچنار میں بارش اور کوہ سفید پر ڑالہ باری بھی ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سرگودھا،راولپنڈی،گوجرانوالہ،لاہور،مالاکنڈ،ہزارہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔دالبندین اور سبی ملک کے سب سے گرم علاقے رہے جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح اسلام آباد اور مظفرآباد میں 40،لاہور میں 42،پشاور میں 40،کراچی میں 33 جبکہ مری میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیاگیا۔

مزید خبریں :