Time 03 جنوری ، 2018
دنیا

پاکستان کئی سال ڈبل گیم کھیلتارہا جو امریکا کیلئے ناقابل قبول ہے، امریکی سفیر

نیویارک: اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلے کا کہنا ہے کہ پاکستان کئی سال ڈبل گیم کھیلتارہا جو امریکا کے لیے ناقابل قبول ہے۔

اقوام متحدہ میں پریس بریفنگ کے دوران نکی ہیلے نے کہا کہ امریکا، پاکستان کی 25 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی امداد روک رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امداد روکنے کا تعلق فلسطین پر قرارداد سے نہیں بلکہ دہشتگردوں کو پناہ دینے سے ہے۔

امریکی سفیر کا ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’پاکستان کئی سال ڈبل گیم کھیلتارہا جو امریکا کیلئے ناقابل قبول ہے،وہ ہمارے ساتھ کام بھی کرتے ہیں لیکن دوسری طرف دہشت گردوں کو پناہ دیتے ہیں جو افغانستان میں ہمارے فوجیوں پر حملے کرتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان سے کہیں زیادہ تعاون چاہتے ہیں‘۔

امریکی سفیر نے مطالبہ کیا کہ ایران کے معاملے پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے۔

نکی ہیلے نے کہا کہ ایران میں جاری حالیہ پر تشدد مظاہروں کے معاملے پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جائے، ایران کے معاملے پر آنے والے دنوں میں اقوام متحدہ میں ضرور آواز اٹھنی چاہیے، ہم اس سلسلے میں جلد ہنگامی اجلاس طلب کریں گے۔

نکی ہیلے نے کہا کہ ایرانی عوام آزادی کے لیے پرزور جدوجہد کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ 6 روز سے ایران کے مختلف شہروں میں حکومت کے خلاف مظاہرے جاری ہیں اور امریکا کھل کر مظاہرین کی حمایت کررہے ہیں۔

مزید خبریں :